مُکاشفہ 7 : 1 (URV)
اِس کے بعد مَیں نے زمِین کے چاروں کونوں پر چار فرِشتے کھڑے دیکھے۔ وہ زمِین کی چاروں ہواؤں کو تھامے ہُوئے تھے تاکہ زمِین یا سَمَندَر یا کِسی دَرخت پر ہوا نہ چلے۔
مُکاشفہ 7 : 2 (URV)
پھِر مَیں نے ایک اَور فرِشتہ کو زِندہ خُدا کی مُہر لِئے ہُوئے مشرِق سے اُوپر کی طرف آتے دیکھا۔ اُس نے اُن چاروں فرِشتوں سے جِنہِیں زمِین اور سَمَندَر کو ضرر پہُنچانے کا اِختیّار دِیا گیا تھا بُلند آواز سے پُکار کر کہا۔
مُکاشفہ 7 : 3 (URV)
کہ جب تک ہم اپنے خُدا کے بندوں کے ماتھے پر مُہر نہ کر لیں زمِین اور سَمَندَر اور دَرختوں کو ضرر نہ پہُنچانا۔
مُکاشفہ 7 : 4 (URV)
اور جِن پر مُہر کی گئی مَیں نے اُن کا شُمار سُنا کہ بنی اِسرائیل کے سب قبِیلوں میں سے ایک لاکھ چَوالِیس ہزار پر مُہر کی گئی۔
مُکاشفہ 7 : 5 (URV)
یہُوداہ کے قبِیلہ میں سے بارہ ہزار پر مُہر کی گئی۔ رُوبِن کے قبِیلہ میں سے بارہ ہزار پر۔ جدّ کے قبِیلہ میں سے بارہ ہزار پر۔
مُکاشفہ 7 : 6 (URV)
آشر کے قبِیلہ میں سے بارہ ہزار پر۔ نفتالی کے قبِیلہ میں سے بارہ ہزار پر۔ منسّی کے قبِیلہ میں سے بارہ ہزار پر۔
مُکاشفہ 7 : 7 (URV)
شمعُون کے قبِیلہ میں سے بارہ ہزار پر۔ لاوی کے قبِیلہ میں سے بارہ ہزار پر۔ اِشکار کے قبِیلہ میں سے بارہ ہزار پر۔
مُکاشفہ 7 : 8 (URV)
زبُولُون کے قبِیلہ میں سے بارہ ہزار پر۔ یُوسُف کے قبِیلہ میں سے بارہ ہزار پر۔ بِنیمِین کے قبِیلہ میں سے بارہ ہزار پر مُہر کی گئی۔
مُکاشفہ 7 : 9 (URV)
اِن باتوں کے بعد جو مَیں نے نِگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ ہر ایک قَوم اور قبِیلہ اور اُمّت اور اہلِ زبان کی ایک اَیسی بڑی بھِیڑ جِسے کوئی شُمار نہِیں کر سکتا سفید جامے پہنے اور کھجُور کی ڈالِیاں اپنے ہاتھوں میں لِئے ہُوئے تخت اور برّہ کے آگے کھڑی ہے۔
مُکاشفہ 7 : 10 (URV)
اور بڑی آواز سے چِلّا چِلّا کر کہتی ہے کہ نِجات ہمارے خُدا کی طرف سے ہے جو تخت پر بَیٹھا ہے اور برّہ کی طرف سے۔
مُکاشفہ 7 : 11 (URV)
اور سب فرِشتے اُس تخت اور بُزُرگوں اور چاروں جانداروں کے گِردا گِرد کھڑے ہیں۔ پھِر وہ تخت کے آگے مُنہ کے بل گِر پڑے اور خُدا کو سِجدہ کر کے۔
مُکاشفہ 7 : 12 (URV)
کہا آمِین۔ حمد اور تمجِید اور حِکمت اور شُکر اور عِزّت اور قُدرت اور طاقت ابدُالآباد ہمارے خُدا کی ہو۔ آمِین۔
مُکاشفہ 7 : 13 (URV)
اور بُزُرگوں میں سے ایک نے مُجھے سے کہا کہ یہ سفید جامے پہنے ہُوئے کَون ہیں اور کہاں سے آئے ہیں؟
مُکاشفہ 7 : 14 (URV)
مَیں نے اُس سے کہا کہ اَے میرے خُداوند! تُو ہی جانتا ہے۔ اُس نے مُجھ سے کہا یہ وُہی ہیں جو اُس بڑی مُصِیبت میں سے نِکل کر آئے ہیں۔ اِنہوں نے اپنے جامے برّہ کے خُون سے دھو کر سفید کِئے ہیں۔
مُکاشفہ 7 : 15 (URV)
اِسی سبب سے یہ خُدا کے تخت کے سامنے ہیں اور اُس کے مَقدِس میں رات دِن اُس کی عِبادت کرتے ہیں اور جو تخت پر بَیٹھا ہے وہ اپنا خَیمہ اُن کے اُوپر تانے گا۔
مُکاشفہ 7 : 16 (URV)
اِس کے بعد نہ کبھی اُن کو بھُوک لگے گی نہ پیاس اور نہ کبھی اُن کو دھُوپ ستائے گی نہ گرمی۔
مُکاشفہ 7 : 17 (URV)
کِیُونکہ جو برّہ تخت کے بِیچ میں ہے وہ اُن کی گلّہ بانی کرے گا اور اُنہِیں آبِ حیات کے چشموں کے پاس لے جائے گا اور خُدا اُن کی آنکھوں کے سب آنسُو پونچھ دے گا۔

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17

BG:

Opacity:

Color:


Size:


Font: