زبُور 145 : 1 (URV)
اَے میرے خُدا!اَے بادشاہ ! میَں تیری تمجید کرونگا۔ اور ابدالآباد تیرے نام کو مُبارِک کہونگا۔
زبُور 145 : 2 (URV)
میَں ہر روز تجھے مُبارِک کہونگا۔ اور ابدلآباد تیرے نام کی ستایش کرونگا۔
زبُور 145 : 3 (URV)
خُداوند بُزرگ اور بیحَد ستایش کے لائق ہے۔اُسکی بُزرگی اِدراک سے باہر ہے۔
زبُور 145 : 4 (URV)
ایک پُشت دُوسری پُشت سے تیرے کاموں کی تعریف اور تیری قُدرت کے کاموں کا بیان کریگی۔
زبُور 145 : 5 (URV)
میَں تیری عظمت کی جلالی شان پر اور تیرے عجائب پر غور کرونگا۔
زبُور 145 : 6 (URV)
اور لوگ تیری قُدرت کے ہولناک کاموں کا ذِکر کرینگے۔ اور میَں تیری بزُرگی بیان کرونگا۔
زبُور 145 : 7 (URV)
وہ تیرے بڑے احسان کی یادگار کا بیان کرینگے۔ اور تیری صداقت کا گیت گائینگے۔
زبُور 145 : 8 (URV)
خُداوند رحیم و کریم ہے۔ وہ قہر کرنے میں دھیما اور شفقت میں غنی ہے۔
زبُور 145 : 9 (URV)
خُداوند سب پر مہربان ہے۔ اور اُسکی رحمت اُسکی ساری مخلوق پر ہے۔
زبُور 145 : 10 (URV)
اَے خُداوند! تیری ساری مخلوق تیرا شُکر کریگی۔ اور تیرے مُقّدس تجھے مُبارِک کہیں گے۔
زبُور 145 : 11 (URV)
اور تیری سلطنت کے جلال کا بیان اور تیری قُدرت کا چرچا کریں گے۔
زبُور 145 : 12 (URV)
تاکہ بنی آدم پر اُسکی قُدرت کے کاموں کو اور اُسکی سلطنت کے جلال کی شان کو ظاہر کریں۔
زبُور 145 : 13 (URV)
تیری سلطنت ابدی سلطنت ہے۔ اور تیری حکومت پُشت در پُشت۔
زبُور 145 : 14 (URV)
خُداوند گِرتے ہوئے کو سنبھالتا اور جھُکے ہوئے کو اُٹھا کھڑا کرتا ہے۔
زبُور 145 : 15 (URV)
سب آنکھیں تجھ پر لگیں ہیں۔ تُو اُنکو وقت پر اُنکی خوراک دیتا ہے۔
زبُور 145 : 16 (URV)
تُو اپنی مُٹھّی کھولتا ہے۔ اور ہر جاندار کی خواہش پوری کرتا ہے۔
زبُور 145 : 17 (URV)
خُداوند اپنی سب راہوں میں صادق اور اپنے سب کاموں میں رحیم ہے۔
زبُور 145 : 18 (URV)
خُداوند اُن سب کے قریب ہے جو اُس سے دُعا کرتے ہیں۔ یعنی اُن سب کے جو سچّائی سے دُعا کرتے ہیں۔
زبُور 145 : 19 (URV)
جو اُس سے ڈرتے ہیں وہ اُنکی مرُاد پوری کرے گا۔ اور اُنکی فریاد سُنیگا اور اُنکو بچا لیگا۔
زبُور 145 : 20 (URV)
خُداوند اپنے سب مُحبت رکھنے والوں کی حفاظت کریگا۔ لیکن سب شریروں کو ہلاک کر ڈالیگا۔
زبُور 145 : 21 (URV)
میرے مُنہ سے خُداوند کی ستایش ہو گی۔ اور ہر بشر اُسکے پاک نام کو ابُدالآبادمُبارِک کہے۔

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21