یعقُوب 3 : 1 (URV)
اَے میرے بھائِیو! تُم میں سے بہُت سے اُستاد نہ بنیں گے کِیُونکہ جانتے ہو کہ ہم جو اُستاد ہیں زِیادہ سزا پائیں گے۔
یعقُوب 3 : 2 (URV)
اِس لِئے کہ ہم سب کے سب اکثر خطا کرتے ہیں۔ کامِل شَخص وہ ہے جو باتوں میں خطا نہ کرے۔ وہ سارے بَدَن کو بھی قابُو میں رکھ سکتا ہے۔
یعقُوب 3 : 3 (URV)
جب ہم اپنے قابُو کرنے کے لِئے گھوڑوں کے مُنہ میں لگام دے دیتے ہیں تو اُن کے سارے بَدَن کو بھی گھُما سکتے ہیں۔
یعقُوب 3 : 4 (URV)
دیکھو، جہاز بھی اگرچہ بڑے بڑے ہوتے ہیں اور تیز ہواؤں سے چلائے جاتے ہیں تَو بھی ایک نِہایت چھوٹی سے پتوار کے ذرِیعہ سے مانجھی کی مرضی کے مُوافِق گھُمائے جاتے ہیں۔
یعقُوب 3 : 5 (URV)
اِسی طرح زبان بھی ایک چھوٹا سا عضُو ہے اور بڑی شیخی مارتا ہے۔ دیکھو، تھوڑی سے آگ سے کِتنے بڑے جنگل میں آگ لگ جاتی ہے۔
یعقُوب 3 : 6 (URV)
زبان بھی ایک آگ ہے۔ زبان ہمارے اعضا میں شرارت کا ایک عالم ہے اور سارے جِسم کو داغ لگاتی ہے اور دائرۂِ دُنیا کو آگ لگا دیتی ہے اور جہنّم کی آگ سے جلتی رہتی ہے۔
یعقُوب 3 : 7 (URV)
کِیُونکہ ہر قِسم کے چَوپائے اور پرِندے اور کِیڑے مکَوڑے اور دریائی جانور تو اِنسان کے قابُو میں آ سکتے ہیں اور آئے بھی ہیں۔
یعقُوب 3 : 8 (URV)
مگر زبان کو کوئی آدمِی قابُو میں نہِیں کر سکتا۔ وہ ایک بلا ہے جو کبھی رُکتی ہی نہِیں۔ زہرِ قاتِل سے بھری ہُوئی ہے۔
یعقُوب 3 : 9 (URV)
اِسی سے ہم خُداوند اور باپ کی حمد کرتے ہیں اور اِسی سے آدمِیوں کو جو خُدا کی صُورت پر پَیدا ہُوئے ہیں بددُعا دیتے ہیں۔
یعقُوب 3 : 10 (URV)
ایک ہی مُنہ سے مُبارکباد اور بددُعا نِکلتی ہے۔ اَے بھائِیو! اَیسا نہ ہونا چاہئے۔
یعقُوب 3 : 11 (URV)
کیا چشمہ کے ایک ہی مُنہ سے مِیٹھا اور کھاری پانی نِکلتا ہے؟
یعقُوب 3 : 12 (URV)
اَے میرے بھائِیو! کیا اِنجیر کے دَرخت میں زَیتُّون اور انگُور میں اِنجیر پَیدا ہو سکتے ہیں؟ اِسی طرح کھاری چشمہ سے مِیٹھا پانی نہِیں نِکل سکتا۔
یعقُوب 3 : 13 (URV)
تُم میں دانا اور فہِیم کَون ہے؟ جو اَیسا ہو وہ اپنے کاموں کو نیک چال چلن کے وسِیلہ سے اُس حِلم کے ساتھ ظاہِر کرے جو حِکمت سے پَیدا ہوتا ہے۔
یعقُوب 3 : 14 (URV)
لیکِن اگر تُم اپنے دِل میں سخت حسد اور تفرقے رکھتے ہو تو حق کے خِلاف نہ شیخی مارو نہ جھُوٹ بولو۔
یعقُوب 3 : 15 (URV)
یہ حِکمت وہ نہِیں جو اُوپر سے اُترتی ہے بلکہ دُنیوی اور نفسانی اور شَیطانی ہے۔
یعقُوب 3 : 16 (URV)
اِس لِئے کہ جہاں حسد اور تفرقہ ہوتا ہے وہاں فساد اور ہر طرح کا بُرا کام بھی ہوتا ہے۔
یعقُوب 3 : 17 (URV)
مگر جو حِکمت اُوپر سے آتی ہے اوّل تو وہ پاک ہوتی ہے۔ پھِر مِلنسار۔ حلیم اور تربیت پذِیر۔ رحم اور اچھّے پھَلوں سے لدی ہُوئی۔ بے طرفدار اور بے رِیا ہوتی ہے۔
یعقُوب 3 : 18 (URV)
اور صُلح کرانے والوں کے لِئے راستبازی کا پھَل صُلح کے ساتھ بویا جاتا ہے۔

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18