یعقُوب 2 : 1 (URV)
اَے میرے بھائِیو! ہمارے خُداوند ذُوالجلال یِسُوع مسِیح کا اِیمان تُم میں طرفداری کے ساتھ نہ ہو۔
یعقُوب 2 : 2 (URV)
کِیُونکہ اگر ایک شَخص تو سونے کی انگُوٹھی اور عُمدہ پوشاک پہنے ہُوئے تُمہاری جماعت میں آئے اور ایک غرِیب آدمِی مَیلے کُچیلے کپڑے پہنے ہُوئے آئے۔
یعقُوب 2 : 3 (URV)
اور تُم اُس عُمدہ پوشاک والے کا لِحاظ کر کے کہو کہ تُو یہاں اچھّی جگہ بَیٹھ اور اُس غرِیب شَخص سے کہو کہ تُو وہاں کھڑا رہ یا میرے پاؤں کی چَوکی کے پاس بَیٹھ۔
یعقُوب 2 : 4 (URV)
تو کیا تُم نے آپس میں طرفداری نہ کی اور بدنِیّت مُنصِف نہ بنے؟
یعقُوب 2 : 5 (URV)
اَے میرے پیارے بھائِیو! سُنوُ، کیا خُدا نے اِس جہان کے غرِیبوں کو اِیمان میں دَولتمند اور اُس بادشاہی کے وارِث ہونے کے لِئے برگُزِیدہ نہِیں کِیا جِس کا اُس نے اپنے محبّت کرنے والوں سے وعدہ کِیا ہے؟
یعقُوب 2 : 6 (URV)
لیکِن تُم نے غرِیب آدمِی کی بے عِزّتی کی۔ کیا دَولتمند تُم پر ظُلم نہِیں کرتے اور وُہی تُمہیں عدالتوں میں گھسِیٹ کر نہِیں لے جاتے؟
یعقُوب 2 : 7 (URV)
کیا وہ اُس بُزُرگ نام پر کُفر نہِیں بکتے جِس سے تُم نامزد ہو؟
یعقُوب 2 : 8 (URV)
تَو ابھی اگر تُم اِس نوِشتہ کے مُطابِق کہ اپنے پڑوسِی سے اپنی مانِند محبّت رکھ اُس بادشاہی شَرِیعَت کو پُورا کرتے ہو تو اچھّا کرتے ہو۔
یعقُوب 2 : 9 (URV)
لیکِن اگر تُم طرفداری کرتے ہو تو گُناہ کرتے ہو اور شَرِیعَت تُم کو قُصُوروار ٹھہراتی ہے۔
یعقُوب 2 : 10 (URV)
کِیُونکہ جِس نے ساری شَرِیعَت پر عمل کِیا اور ایک ہی بات میں خطا کی وہ سب باتوں میں قُصُوروار ٹھہرا۔
یعقُوب 2 : 11 (URV)
اِس لِئے کہ جِس نے یہ فرمایا کہ زِنا نہ کر اُسی نے یہ بھی فرمایا کہ خُون نہ کر۔ پَس اگر تُو نے زِنا تو نہ کِیا مگر خُون کِیا تو بھی تُو شَرِیعَت کا عُدُول کرنے والا ٹھہرا۔
یعقُوب 2 : 12 (URV)
تُم اُن لوگوں کی طرح کلام بھی کرو اور کام بھی کرو جِن کا آزادی کی شَرِیعَت کے مُوافِق اِنصاف ہوگا۔
یعقُوب 2 : 13 (URV)
کِیُونکہ جِس نے رحم نہِیں کِیا اُس کا اِنصاف بغَیر رحم کے ہوگا۔ رحم اِنصاف پر غالِب آتا ہے۔
یعقُوب 2 : 14 (URV)
اَے میرے بھائِیو! اگر کوئی کہے کہ مَیں اِیماندار ہُوں مگر عمل نہ کرتا ہو تو کیا فائِدہ؟ کیا اَیسا اِیمان اُسے نِجات دے سکتا ہے؟
یعقُوب 2 : 15 (URV)
اگر کوئی بھائِی یا بہن ننگی ہو اور اُن کو روزانہ روٹی کی کمی ہو۔
یعقُوب 2 : 16 (URV)
اور تُم میں سے کوئی اُن سے کہے کہ سَلامتی کے ساتھ جاؤ۔ گرم اور سیر رہو مگر جو چِیزیں تن کے لِئے درکار ہیں وہ اُنہِیں نہ دے تو کیا فائِدہ؟
یعقُوب 2 : 17 (URV)
اِسی طرح اِیمان بھی اگر اُس کے ساتھ اعمال نہ ہوں تو اپنی ذات سے مُردہ ہے۔
یعقُوب 2 : 18 (URV)
بلکہ کوئی کہہ سکتا ہے کہ تُو تو اِیماندار ہے اور مَیں عمل کرنے والا ہُوں۔ تُو اپنا اِیمان بغَیر اعمال کے تو مُجھے دِکھا اور میں اپنا اِیمان اعمال سے تُجھے دِکھاؤں گا۔
یعقُوب 2 : 19 (URV)
تُو اِس بات پر اِیمان رکھتا ہے کہ خُدا ایک ہی ہے۔ خَیر، اچھّا کرتا ہے۔ شیاطِین بھی اِیمان رکھتے اور تھَر تھَراتے ہیں۔
یعقُوب 2 : 20 (URV)
مگر اَے نِکمّے آدمِی! کیا تُو یہ بھی نہِیں جانتا کہ اِیمان بغَیر اعمال کے بےکار ہے؟
یعقُوب 2 : 21 (URV)
جب ہمارے باپ ابرہام نے اپنے بَیٹے اِضحاق کو قُربان گاہ پر قُربان کِیا تو کیا وہ اعمال سے راستباز نہ ٹھہرا؟
یعقُوب 2 : 22 (URV)
پَس تُو نے دیکھ لِیا کہ اِیمان نے اُس کے اعمال کے ساتھ مِل کر اثر کِیا اور اعمال سے اِیمان کامِل ہُؤا۔
یعقُوب 2 : 23 (URV)
اور یہ نوِشتہ پُورا ہُؤا کہ ابرہام خُدا پر اِیمان لایا اور یہ اُس کے لِئے راستبازی گِنا گیا اور وہ خُدا کا دوست کہلایا۔
یعقُوب 2 : 24 (URV)
پَس تُم نے دیکھ لِیا کہ اِنسان صِرف اِیمان سے نہِیں بلکہ اعمال سے راستباز ٹھہرتا ہے۔
یعقُوب 2 : 25 (URV)
اِسی طرح راحب فاحِشہ بھی جب اُس نے قاصِدوں کو اپنے گھر میں اُتارا اور دُوسری راہ سے رُخصت کِیا تو کیا اعمال سے راستباز نہ ٹھہری؟
یعقُوب 2 : 26 (URV)
غرض جَیسے بَدَن بغَیر رُوح کے مُردہ ہے وَیسے ہی اِیمان بھی بغَیر اعمال کے مُردہ ہے۔

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26