کُلسّیوں 4 : 1 (URV)
اَے مالِکو! اپنے نَوکروں کے ساتھ یہ جان کر عدل و اِنصاف کرو کہ آسمان پر تُمہارا بھی ایک مالِک ہے۔
کُلسّیوں 4 : 2 (URV)
دُعا کرنے میں مشغُول اورشُکر گُذاری کے ساتھ اُس میں بیدار رہو۔
کُلسّیوں 4 : 3 (URV)
اور ساتھ ساتھ ہمارے لِئے بھی دُعا کِیا کرو کہ خُدا ہم پر کلام کا دروازہ کھولے تاکہ مَیں مسِیح کے اُس بھید کو بیان کر سکُوں جِس کے سبب سے قَید بھی ہُوں۔
کُلسّیوں 4 : 4 (URV)
اور اُسے اَیسا ظاہِر کرُوں جَیسا مُجھے کرنا لازِم ہے۔
کُلسّیوں 4 : 5 (URV)
وقت کو غنِیمت جان کر باہِر والوں کے ساتھ ہوشیاری سے برتاؤ کرو۔
کُلسّیوں 4 : 6 (URV)
تُمہارا کلام ہمیشہ اَیسا پُرفضل اور نمکِین ہو کہ تُمہیں ہر شَخص کو مُناسِب جواب دینا آ جائے۔
کُلسّیوں 4 : 7 (URV)
پیارا بھائِی اور دِیانتدار خادِم تخِکُس جو خُداوند میں ہم خِدمت ہے میرا سارا حال تُمہیں بتا دے گا۔
کُلسّیوں 4 : 8 (URV)
اُسے مَیں نے اِسی لِئے تُمہارے پاس بھیجا ہے کہ تُم ہماری حالت سے واقِف ہو جاؤ اور وہ تُمہارے دِلوں کو تسلّی دے۔
کُلسّیوں 4 : 9 (URV)
اور اُس کے ساتھ اُنیسمُس کو بھی بھیجا ہے جو دِیانتدار اور پیارا بھائِی اور تُم میں سے ہے۔ یہ تُمہیں یہاں کی سب باتیں بتا دیں گے۔
کُلسّیوں 4 : 10 (URV)
ارِسترخُس جو میرے ساتھ قَید ہے تُم کو سَلام کہتا ہے اور برنباس کا رِشتہ کا بھائِی مرقُس (جِس کی بابت تُمہیں حُکم مِلے تھے اگر وہ تُمہارے پاس آئے تو اُس سے اچھّی طرح مِلنا)۔
کُلسّیوں 4 : 11 (URV)
اور یِسُوع جو یُوستُس کہلاتا ہے۔ مختُونوں میں سے صِرف یہی خُدا کی بادشاہی کے لِئے میرے ہم خِدمت اور میری تسلّی کا باعِث رہے ہیں۔
کُلسّیوں 4 : 12 (URV)
اِپفراس جو تُم میں سے ہے اور مسِیح یِسُوع کا بندہ ہے تُمہیں سَلام کہتا ہے۔ وہ تُمہارے لِئے دُعا کرنے میں ہمیشہ جانفشانی کرتا ہے تاکہ تُم کامِل ہو کر پُورے اِعتِقاد کے ساتھ خُدا کی پُوری مرضی پر قائِم رہو۔
کُلسّیوں 4 : 13 (URV)
مَیں اُس کا گواہ ہُوں کہ وہ تُمہارے اور لَودِیکیہ اور ہِیراپُلس کے لوگوں کے واسطے بڑی کوشِش کرتا ہے۔
کُلسّیوں 4 : 14 (URV)
پیارا طبِیب لُوقا اور دیماس تُمہیں سَلام کہتے ہیں۔
کُلسّیوں 4 : 15 (URV)
لَودِیکیہ میں کے بھائِیوں اور نُمفاس اور اُن کے گھر کی کلِیسیا سے سَلام کہنا۔
کُلسّیوں 4 : 16 (URV)
اور جب یہ خط تُم میں پڑھ لِیا جائے تو اَیسا کرنا کہ لَودِیکیہ کی کلِیسیا میں بھی پڑھا جائے اور اُس خط کو جو لَودِیکیہ سے آئے تُم بھی پڑھنا۔
کُلسّیوں 4 : 17 (URV)
اور ارخِپُّس سے کہنا کہ جو خِدمت خُداوند میں تیرے سُپُرد ہُوئی ہے اُسے ہوشیاری کے ساتھ انجام دے۔
کُلسّیوں 4 : 18 (URV)
مَیں پَولُس اپنے ہاتھ سے سَلام لِکھتا ہُوں۔ میری زنجِیروں کو یاد رکھنا۔ تُم پر فضل ہوتا رہے۔
❮
❯