تیمِتھُیس ۲ 4 : 1 (URV)
خُدا اور مسِیح یِسُوع کو جو زِندوں اور مُردوں کی عدالت کرے گا گواہ کر کے اور اُس کے ظُہُور اور بادشاہی کو یاد دِلا کر مَیں تُجھے تاکِید کرتا ہُوں۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 2 (URV)
کہ تُو کلام کی منادی کر۔ وقت اور بے وقت مُستعِد رہ۔ ہر طرح کے تحمُّل اور تعلِیم کے ساتھ سَمَجھا دے اور ملامت اور نصِیحت کر۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 3 (URV)
کِیُونکہ اَیسا وقت آئے گا کہ لوگ صحیح تعلِیم کی برداشت نہ کریں گے بلکہ کانوں کی کھُجلی کے باعِث اپنی اپنی خواہِشوں کے مُوافِق بہُت سے اُستاد بنا لیں گے۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 4 (URV)
اور اپنے کانوں کو حق کی طرف سے پھیر کر کہانیوں پر مُتوّجہ ہوں گے۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 5 (URV)
مگر تُو سب باتوں میں ہوشیار رہ۔ دُکھ اُٹھا۔ بشارت کا کام انجام دے۔ اپنی خِدمت کو پُورا کر۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 6 (URV)
کِیُونکہ مَیں اَب قُربان ہو رہا ہُوں اور میرے کُوچ کا وقت آ پہُنچا ہے۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 7 (URV)
مَیں اچھّی کُشتی لڑ چُکا۔ مَیں نے دوڑ کو ختم کر لِیا۔ مَیں نے اِیمان کو محفُوظ رکھّا۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 8 (URV)
آیندہ کے لِئے میرے واسطے راستبازی کا وہ تاج رکھّا ہُؤا ہے جو عادِل مُنصِف یعنی خُداوند مُجھے اُس دِن دے گا اور صِرف مُجھے ہی نہِیں بلکہ اُن سب کو بھی جو اُس کے ظُہُور کے آرزو مند ہوں۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 9 (URV)
میرے پاس جلد آنے کی کوشِش کر۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 10 (URV)
کِیُونکہ دیماس نے اِس موجُودہ جہان کو پسند کر کے مُجھے چھوڑ دِیا اور تھِسّلنیکے کو چلا گیا اور کریسکینس گلتیہ کو اور طِطُس دلمتیہ کو۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 11 (URV)
صِرف لُوقا میرے پاس ہے۔ مرقُس کو ساتھ لے کر آ جا کِیُونکہ خِدمت کے لِئے وہ میرے کام کا ہے۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 12 (URV)
تُخِکُس کو مَیں نے اِفِسُس بھیج دِیا ہے۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 13 (URV)
جو چوغہ مَیں تروآس میں کرپُس کے ہاں چھوڑ آیا ہُوں جب تُو آئے تو وہ اور کِتابیں خاص کر رقّ کے طُومار لیتا آئیو۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 14 (URV)
سِکندر ٹھٹھیرے نے مُجھ سے بہُت بُرائیاں کِیں۔ خُداوند اُسے اُس کے کاموں کے مُوافِق بدلہ دے گا۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 15 (URV)
اُس سے تُو بھی خَبردار رہ کِیُونکہ اُس نے ہماری باتوں کی بڑی مُخالفت کی۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 16 (URV)
میری پہلی جواب دہی کے وقت کِسی نے میرا ساتھ نہ دِیا بلکہ سب نے مُجھے چھوڑ دِیا۔ کاش کہ اُنہِیں اِس کا حِساب دینا نہ پڑے۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 17 (URV)
مگر خُداوند میرا مددگار تھا اور اُس نے مُجھے طاقت بخشی تاکہ میری معرفت پَیغام کی پُوری منادی ہو جائے اور سب غَیرقَومویں سُن لیں۔ اور مَیں شیر کے مُنہ سے چھُڑایا گیا۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 18 (URV)
خُداوند مُجھے ہر ایک بُرے کام سے چھُڑائے گا اور اپنی آسمانی بادشاہی میں صحیح سَلامت پہُنچا دے گا۔ اُس کی تمجِید ابدُالآباد ہوتی رہے۔ آمِین۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 19 (URV)
پرِسکہ اور اکوِلہ سے اور اُنیسِفُرس کے خاندان سے سَلام کہہ۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 20 (URV)
اِراستُس کُرِنتھُس میں رہا اور ترفِمُس کو مَیں نے مِیلیتُس میں بِیمار چھوڑا۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 21 (URV)
جاڑوں سے پہلے میرے پاس آ جانے کی کوشِش کر۔ یُوبُولُس اور پُودینس اور لِینُس اور کلَودیہ اور اَور سب بھائِی تُجھے سَلام کہتے ہیں۔
تیمِتھُیس ۲ 4 : 22 (URV)
خُداوند تیری رُوح کے ساتھ رہے۔ تُم پر فضل ہوتا رہے۔

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22

BG:

Opacity:

Color:


Size:


Font: