مُکاشفہ 2 : 1 (URV)
اِفِسُس کی کلِیسیا کے فرِشتہ کو یہ لِکھ کہ جو اپنے دہنے ہاتھ میں ساتوں سِتارے لِئے ہُوئے ہے اور سونے کے ساتوں چراغدانوں میں پھِرتا ہے وہ یہ فرماتا ہے کہ۔
مُکاشفہ 2 : 2 (URV)
مَیں تیرے کام اور تیری مُشقّت اور تیرا صبر تو جانتا ہُوں اور یہ بھی کہ تُو بدوں کو دیکھ نہِیں سکتا اور جو اپنے آپ کو رَسُول کہتے ہیں اور ہیں نہِیں تُو نے اُن کو آزما کر جھُوٹا پایا۔
مُکاشفہ 2 : 3 (URV)
اور تُو صبر کرتا ہے اور میرے نام کی خاطِر مُصِیبت اُٹھاتے اُٹھاتے تھکا نیہں۔
مُکاشفہ 2 : 4 (URV)
مگر مُجھ کو تُجھ سے یہ شِکایت ہے کہ تُو نے اپنی پہلی سی محبّت چھوڑ دی۔
مُکاشفہ 2 : 5 (URV)
پَس خیال کر کہ تُو کہاں سے گِرا ہے اور تَوبہ کر کے پہلے کی طرح کام کر اور اگر تُو تَوبہ نہ کرے گا تو مَیں تیرے پاس آ کر تیرے چراغدان کو اُس کی جگہ سے ہٹا دُوں گا۔
مُکاشفہ 2 : 6 (URV)
البتّہ تُجھ میں یہ بات تو ہے کہ تُو نِیکُلَیّوں کے کاموں سے نفرت رکھتا ہے جِن سے مَیں بھی نفرت رکھتا ہُوں۔
مُکاشفہ 2 : 7 (URV)
جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ رُوح کلِیسیاؤں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالِب آئے مَیں اُسے اُس زِندگی کے دَرخت میں سے جو خُدا کے فِردَوس میں ہے پھَل کھانے کو دُوں گا۔
مُکاشفہ 2 : 8 (URV)
اور سمُرنہ کی کلِیسیا کے فرِشتہ کو یہ لِکھ کہ جو اوّل و آخِر ہے اور جو مر گیا تھا اور زِندہ ہُؤا وہ یہ فرماتا ہے کہ۔
مُکاشفہ 2 : 9 (URV)
مَیں تیری مُصِیبت اور غرِیبی کو جانتا ہُوں (مگر تُو دَولتمند ہے) اور جو اپنے آپ کو یہُودی کہتے ہیں اور ہیں نہِیں بلکہ شَیطان کی جماعت ہیں اُن کے لعن طعن کو بھی جانتا ہُوں۔
مُکاشفہ 2 : 10 (URV)
جو دُکھ تُجھے سہنے ہوں گے اُن سے خَوف نہ کر۔ دیکھو اِبلِیس تُم میں سے بعض کو قَید میں ڈالنے کو ہے تاکہ تُمہاری آزمایش ہو اور دس دِن تک مُصِیبت اُٹھاؤ گے۔ جان دینے تک بھی وفادار رہ تو مَیں تُجھے زِندگی کا تاج دُوں گا۔
مُکاشفہ 2 : 11 (URV)
جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ رُوح کلِیسیاؤں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالِب آئے اُس کو دُوسری مَوت سے نُقصان نہ پہُنچے گا۔
مُکاشفہ 2 : 12 (URV)
اور پِرگمُن کی کلِیسیا کے فرِشتہ کو یہ لِکھ کہ جِس کے پاس دو دھاری تیز تلوار ہے وہ فرماتا ہے کہ۔
مُکاشفہ 2 : 13 (URV)
مَیں یہ تو جانتا ہُوں کہ تُو شَیطان کی تخت گاہ میں سُکُونت رکھتا ہے اور میرے نام پر قائِم رہتا ہے اور جِن دِنوں میں میرا وفادار شہِید انتِپاس تُم میں اُس جگہ قتل ہُؤا تھا جہاں شَیطان رہتا ہے اُن دِنوں میں بھی تُو نے مُجھ پر اِیمان رکھنے سے اِنکار نہِیں کِیا۔
مُکاشفہ 2 : 14 (URV)
لیکِن مُجھے چند باتوں کی تُجھ سے شِکایت ہے۔ اِس لِئے کہ تیرے ہاں بعض لوگ بلعام کی تعلِیم ماننے والے ہیں جِس نے بلق کو بنی اِسرائیل کے سامنے ٹھوکر کھِلانے والی چِیز رکھنے کی تعلِیم دی یعنی یہ کہ وہ بُتوں کی قُربانیاں کھائیں اور حرامکاری کریں۔
مُکاشفہ 2 : 15 (URV)
چُنانچہ تیرے ہاں بھی بعض لوگ اِسی طرح نِیکُلَیّون کی تعلِیم کے ماننے والے ہیں۔
مُکاشفہ 2 : 16 (URV)
پَس تَوبہ کر۔ نہِیں تو مَیں تیرے پاس جلد آ کر اپنے مُنہ کی تلوار سے اُن کے ساتھ لڑُوں گا۔
مُکاشفہ 2 : 17 (URV)
جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ رُوح کلِیسیاؤں سے کیا فرماتا ہے۔ جو غالِب آئے مَیں اُسے پوشِیدہ من میں سے دُوں گا اور ایک سفید پتھّر دُوں گا۔ اُس پتھّر پر ایک نیا نام لِکھا ہُؤا ہو گا جِسے اُس کے پانے والے کے سِوا کوئی نہ جانے گا۔
مُکاشفہ 2 : 18 (URV)
اور تھُواتِیرہ کی کلِیسیا کے فرِشتہ کو یہ لِکھ کہ خُدا کا بَیٹا جِس کی آنکھیں آگ کے شعُلہ کی مانِند اور پاؤں پِیتل کی مانِند ہیں یہ فرماتا ہے کہ۔
مُکاشفہ 2 : 19 (URV)
مَیں تیرے کاموں اور محبّت اور اِیمان اور خِدمت اور صبر کو تو جانتا ہُوں اور یہ بھی کہ تیرے پِچھلے کام پہلے کاموں سے زِیادہ ہیں۔
مُکاشفہ 2 : 20 (URV)
پر مُجھے تُجھ سے یہ شِکایت ہے کہ تُو نے اُس عَورت اِیزبِل کو رہنے دِیا ہے جو اپنے آپ کو نبِیّہ کہتی ہے اور میرے بندوں کو حرامکاری کرنے اور بُتوں کی قُربانیاں کھانے کی تعلِیم دے کر گُمراہ کرتی ہے۔
مُکاشفہ 2 : 21 (URV)
مَیں نے اُس کو تَوبہ کرنے کی مُہلت دی مگر وہ اپنی حرامکاری سے تَوبہ کرنا نہِیں چاہتی۔
مُکاشفہ 2 : 22 (URV)
دیکھ مَیں اُس کو بِستر پر ڈالتا ہُوں اور جو اُس کے ساتھ زِنا کرتے ہیں اگر اُس کے سے کاموں سے تَوبہ نہ کریں تو اُن کو بڑی مُصِیبت میں پھنساتا ہُوں۔
مُکاشفہ 2 : 23 (URV)
اور اُس کے فرزندوں کو جان سے مارُوں گا اور سب کلِیسیاؤں کو معلُوم ہوگا کہ گُردوں اور دِلوں کا چانچنے والا مَیں ہی ہُوں اور مَیں تُم میں سے ہر ایک کو اُس کے کاموں کے مُوافِق بدلہ دُوں گا۔
مُکاشفہ 2 : 24 (URV)
مگر تُم تھُواتِیرہ کے باقی لوگوں سے جو اُس تعلِیم کو نہِیں مانتے اور اُن باتوں سے جِنہِیں لوگ شَیطان کی گہری باتیں کہتے ہیں ناواقِف ہو یہ کہتا ہُوں کہ تُم پر اَور بوجھ نہ ڈالُوں گا۔
مُکاشفہ 2 : 25 (URV)
البتّہ جو تُمہارے پاس ہے میرے آنے تک اُس کو تھامے رہو۔
مُکاشفہ 2 : 26 (URV)
جو غالِب آئے اور جو میرے کاموں کے مُوافِق آخِر تک عمل کرے مَیں اُسے قَوموں پر اِختیّار دُوں گا۔
مُکاشفہ 2 : 27 (URV)
اور وہ لوہے کے عصا سے اُن پر حُکُومت کرے گا۔ جِس طرح کہ کُمہار کے برتن چکنا چُور ہو جاتے ہیں۔ چُنانچہ مَیں نے بھی اَیسا اِختیّار اپنے باپ سے پایا ہے۔
مُکاشفہ 2 : 28 (URV)
اور مَیں اُسے صُبح کا سِتارہ دُوں گا۔
مُکاشفہ 2 : 29 (URV)
جِس کے کان ہوں وہ سُنے کہ رُوح کلِیسیاؤں سے کیا فرماتا ہے۔
❮
❯