عِبرانیوں 11 : 1 (URV)
اب اِیمان اُمِید کی ہُوئی چِیزوں کا اِعتماد اور اندیکھی چِیزوں کا ثُبُوت ہے۔
عِبرانیوں 11 : 2 (URV)
کِیُونکہ اُسی کی بابت بُزُرگوں کے حق میں اچھّی گواہی دی گئی۔
عِبرانیوں 11 : 3 (URV)
اِیمان ہی سے ہم معلُوم کرتے ہیں کہ عالم خُدا کے کہنے سے بنے ہیں۔ یہ نہِیں کہ جو کُچھ نظر آتا ہے ظاہِری چِیزوں سے بنا ہو۔
عِبرانیوں 11 : 4 (URV)
اِیمان ہی سے ہابِل نے قائِن سے افضل قُربانی خُدا کے لِئے گُذرانی اور اُسی کے سبب سے اُس کے راستباز ہونے کی گواہی دی گئی کِیُونکہ خُدا نے اُس کی نذروں کی بابت گواہی دی اور اگرچہ وہ مر گیا ہے تَو بھی اُسی کے وسِیلہ سے اَب تک کلام کرتا ہے۔
عِبرانیوں 11 : 5 (URV)
اِیمان ہی سے حنُوک اُٹھا لِیا گیا تاکہ مَوت کو نہ دیکھے اور چُونکہ خُدا نے اُسے اُٹھا لِیا تھا اِس لِئے اُس کا پتہ نہ مِلا کِیُونکہ اُٹھائے جانے سے پیشتر اُس کے حق میں گواہی دی گئی تھی کہ یہ خُدا کو پسند آیا ہے۔
عِبرانیوں 11 : 6 (URV)
اور بغَیر اِیمان کے اُس کو پسند آنا نامِمکِن ہے۔ اِس لِئے کہ خُدا کے پاس آنے والے کو اِیمان لانا چاہئے کہ وہ مَوجُود ہے اور اپنے طالِبوں کو بدلہ دیتا ہے۔
عِبرانیوں 11 : 7 (URV)
اِیمان ہی کے سبب سے نُوح نے اُن چِیزوں کی بابت جو اُس وقت تک نظر نہ آتی تھِیں ہِدایت پاکر خُدا کے خَوف سے اپنے گھرانے کے بَچاؤ کے لِئے کَشتی بنائی جِس سے اُس نے دُنیا کو مُجرِم ٹھہرایا اور اُس راستبازی کا وارِث ہُؤا جو اِیمان سے ہے۔
عِبرانیوں 11 : 8 (URV)
اِیمان ہی کے سبب سے ابرہام جب بُلایا گیا تو حُکم مان کر اُس جگہ چلا گیا جِسے مِیراث میں لینے والا تھا اور اگرچہ جانتا نہ تھا کہ مَیں کہاں جاتا ہُوں تَو بھی روانہ ہوگیا۔
عِبرانیوں 11 : 9 (URV)
اِیمان ہی سے اُس نے مُلکِ مَوعُود میں اِس طرح مُسافِرانہ طَور پر بُود و باش کی کہ گویا غَیرمُلک ہے اور اِضحاق اور یَعقُوب سمیت جو اُس کے ساتھ اُسی وعدہ کے وارِث تھے خَیموں میں سُکُونت کی۔
عِبرانیوں 11 : 10 (URV)
کِیُونکہ اُس پایدار شہر کا اُمِیدوار تھا جِس کا مِعمار اور بنانے والا خُدا ہے۔
عِبرانیوں 11 : 11 (URV)
اِیمان ہی سے سارہ نے بھی سِّنِ یاس کے بعد حامِلہ ہونے کی طاقت پائی اِس لِئے کہ اُس نے وعدہ کرنے والے کو سَچّا جانا۔
عِبرانیوں 11 : 12 (URV)
پَس ایک شَخص سے جو مُردہ سا تھا آسمان کے سِتاروں کے برابر کثِیر اور سَمَندَر کے کِنارہ کی ریت کے برابر بے شُمار اَولاد پَیدا ہُوئی۔
عِبرانیوں 11 : 13 (URV)
یہ سب اِیمان کی حالت میں مرے اور وعدہ کی ہُوئی چِیزیں نہ پائیں مگر دُور ہی سے اُنہِیں دیکھ کر خُوش ہُوئے اور اِقرار کِیا کہ ہم زمِین پر پردیسی اور مُسافِر ہیں۔
عِبرانیوں 11 : 14 (URV)
جو اَیسی باتیں کہتے ہیں وہ ظاہِر کرتے ہیں کہ ہم اپنے وطن کی تلاش میں ہیں۔
عِبرانیوں 11 : 15 (URV)
اور جِس مُلک سے وہ نِکل آئے تھے اگر اُس کا خیال کرتے تو اُنہِیں واپَس جانے کا مَوقع تھا۔
عِبرانیوں 11 : 16 (URV)
مگر حقِیقت میں وہ ایک بہُتر یعنی آسمانی مُلک کے مُشتاق تھے۔ اِسی لِئے خُدا اُن سے یعنی اُن کا خُدا کہلانے سے شرمایا نہِیں چُنانچہ اُس نے اُن کے لِئے ایک شہر تیّار کِیا۔
عِبرانیوں 11 : 17 (URV)
اِیمان ہی سے ابرہام نے آزمایش کے وقت اِضحاق کونذر گُذرانا اور جِس نے وعدوں کو سَچ مان لِیا تھا وہ اُس اِکلوتے کو نذر کرنے لگا۔
عِبرانیوں 11 : 18 (URV)
جِس کی بابت یہ کہا گیا تھا کہ اِضحاق ہی سے تیری نسل کہلائے گی۔
عِبرانیوں 11 : 19 (URV)
کِیُونکہ وہ سَمَجھا کہ خُدا مُردوں میں سے جِلانے پر بھی قادِر ہے چُنانچہ اُن ہی میں سے تَمثِیل کے طَور پر وہ اُسے پھِر مِلا۔
عِبرانیوں 11 : 20 (URV)
اِیمان ہی سے اِضحاق نے ہونے والی باتوں کی بابت بھی یَعقُوب اور عیسَو دونوں کو دُعا دی۔
عِبرانیوں 11 : 21 (URV)
اِیمان ہی سے یَعقُوب نے مرتے وقت یُوسُف کے دونوں بَیٹوں میں سے ہر ایک کو دُعا دی اور اپنے عصا کے سِرے پر سہارا لے کر سِجدہ کِیا۔
عِبرانیوں 11 : 22 (URV)
اِیمان ہی سے یُوسُف نے جب وہ مرنے کے قرِیب تھا بنی اِسرائیل کے خرُوج کا ذِکر کِیا اور اپنی ہڈِیوں کی بابت حُکم دِیا۔
عِبرانیوں 11 : 23 (URV)
اِیمان ہی سے مُوسیٰ کے ماں باپ نے اُس کے پَیدا ہونے کے بعد تِین مہِینے تک اُص کو چھِپائے رکھّا کِیُونکہ اُنہوں نے دیکھا کہ بچّہ خُوبصُورت ہے اور وہ بادشاہ کے حُکم سے نہ ڈرے۔
عِبرانیوں 11 : 24 (URV)
اِیمان ہی سے مُوسیٰ نے بڑے ہوکر فرعون کی بیٹی کا بَیٹا کہلانے سے اِنکار کِیا۔
عِبرانیوں 11 : 25 (URV)
اِس لِئے کہ اُس نے گُناہ کا چند روزہ لُطف اُٹھانے کی نِسبت خُدا کی اُمّت کے ساتھ بدسُلُوکی برداشت کرنا زِیادہ پسند کِیا۔
عِبرانیوں 11 : 26 (URV)
اور مسِیح کے لِئے لعن طعن اُٹھانے کو مِصر کے خزانوں سے بڑی دَولت جانا کِیُونکہ اُس کی نِگاہ اجر پانے پر تھی۔
عِبرانیوں 11 : 27 (URV)
اِیمان ہی سے اُس نے بادشاہ کے غُصّہ کے خَوف نہ کر کے مِصر کو چھوڑ دِیا۔ اِس لِئے کہ وہ اندیکھے کو گویا دیکھ کر ثابِت قدم رہا۔
عِبرانیوں 11 : 28 (URV)
اِیمان ہی سے اُس نے فسح کرنے اور خُون چھڑکنے پر عمل کِیا تاکہ پہلوٹھوں کا ہلاک کرنے والا بنی اِسرائیل کو ہاتھ نہ لگائے۔
عِبرانیوں 11 : 29 (URV)
اِیمان ہی سے وہ بحرِ قُلزُم سے اِس طرح گُذر گئے جَیسے خُشک زمِین پر سے اور جب مِصرِیوں نے یہ قصد کِیا تو ڈُوب گئے۔
عِبرانیوں 11 : 30 (URV)
اِیمان ہی سے یریحُو کی شہرِپناہ جب سات دِن تک اُس کے گِرد پھِر چُکے تو گِر پڑی۔
عِبرانیوں 11 : 31 (URV)
اِیمان ہی سے راحب فاحِشہ نافرمانوں کے ساتھ ہلاک نہ ہُوئی کِیُونکہ اُس نے جاسُوسوں کو امن سے رکھّا تھا۔
عِبرانیوں 11 : 32 (URV)
اب اور کیا کہُوں؟ اِتنی فُرصت کہاں کہ جِدعُون اور برق اور سمسُون اور اِفتاہ اور داؤد اور سموئیل اور اَور نبِیوں کا احوال بیان کرُوں؟
عِبرانیوں 11 : 33 (URV)
اُنہوں نے اِیمان ہی کے سبب سے سلطنتوں کو مغلُوب کِیا۔ راستبازی کے کام کِئے۔ وعدہ کی ہُوئی چِیزوں کو حاصِل کِیا۔ شیروں کے مُنہ بند کِئے۔
عِبرانیوں 11 : 34 (URV)
آگ کی تیزی کو بُجھایا۔ تلوار کی دھار سے بچ نِکلے۔ کمزوری میں زورآور ہُوئے۔ لڑائی میں بہادُر بنے۔ غَیروں کی فَوجوں کو بھگا دِیا۔
عِبرانیوں 11 : 35 (URV)
عَورتوں نے اپنے مُردوں کو پھِر زِندہ پایا۔ بعض مار کھاتے کھاتے مر گئے مگر رِہائی منظُور نہ کی تاکہ اُن کو بہُتر قِیامت نصِیب ہو۔
عِبرانیوں 11 : 36 (URV)
بعض ٹھٹھّوں میں اُڑائے جانے اور کوڑے کھانے بلکہ زِنجیروں میں باندھے جانے اور قَید میں پڑنے سے آزمائے گئے۔
عِبرانیوں 11 : 37 (URV)
سنگسار کِئے گئے۔ آرے سے چِیرے گئے۔ آزمایش میں پڑے۔ تلوار سے مارے گئے۔ بھیڑوں اور بکریوں کی کھال اوڑھے ہُوئے مُحتاجی میں۔ مُصِیبت میں۔ بدسُلُوکی کی حالت میں مارے مارے پھِرے۔
عِبرانیوں 11 : 38 (URV)
دُنیا اُن کے لائِق نہ تھی۔ وہ جنگلوں اور پہاڑوں اور غاروں اور زمِین کے گڑھوں میں آوارہ پھِرا کِئے۔
عِبرانیوں 11 : 39 (URV)
اور اگرچہ اِن سب کے حق میں اِیمان کے سبب سے اچھّی گواہی دی گئی تَو بھی اُنہِیں وعدہ کی ہُوئی چِیز نہ مِلی۔
عِبرانیوں 11 : 40 (URV)
اِس لِئے کہ خُدا نے پیش بِینی کر کے ہمارے لِئے کوئی بہُتر چِیز تجوِیز کی تھی تاکہ وہ ہمارے بغَیر کامِل نہ کِئے جائیں۔
❮
❯