لُوقا 7 : 1 (URV)
جب وہ لوگوں کو اپنی سب باتیں سُنا چُکا تو کفر نحُوم میں آیا۔
لُوقا 7 : 2 (URV)
اور کِسی صُوبہ دار کا نَوکر جو اُس کو عزِیز تھا بِیماری سے مرنے کو تھا۔
لُوقا 7 : 3 (URV)
اُس نے یِسُوع کی خَبر سُن کر یہُودِیوں کے کئی بُزُرگوں کو اُس کے پاس بھیجا اور اُس سے دَرخواست کی کہ آ کر میرے نَوکر کو اچھّا کر۔
لُوقا 7 : 4 (URV)
وہ یِسُوع کے پاس آئے اور اُس کی بڑی مِنّت کر کے کہنے لگے کہ وہ اِس لائِق ہے کہ تُو اُس کی خاطِر یہ کرے۔
لُوقا 7 : 5 (URV)
کِیُونکہ وہ ہماری قَوم سے محبّت رکھتا ہے اور ہمارے عِبادت خانہ کو اُسی نے بنوایا۔
لُوقا 7 : 6 (URV)
یِسُوع اُن کے ساتھ چلا مگر جب وہ گھر کے قرِیب پہُنچا تو صُوبہ دار نے بعض دوستوں کی معرفت اُسے یہ کہلا بھیجا کہ اَے خُداوند تکلِیف نہ کر کِیُونکہ مَیں اِس لائِق نہِیں کہ تُو میری چھت کے نِیچے آئے۔
لُوقا 7 : 7 (URV)
اِسی سبب سے مَیں نے اپنے آپ کو بھی تیرے پاس آنے کے لائِق نہ سَمَجھا بلکہ زبان سے کہہ دے تو میرا خادِم شِفا پائے گا۔
لُوقا 7 : 8 (URV)
کِیُونکہ مَیں بھی دُوسرے کے اِختیّار میں ہُوں اور سِپاہی میرے ماتحت ہیں اور جب ایک سے کہتا ہُوں جا تو وہ جاتا ہے اور دُوسرے سے آ تو وہ آتا ہے اور اپنے نَوکر سے کہ یہ کر تو وہ کرتا ہے۔
لُوقا 7 : 9 (URV)
یِسُوع نے یہ سُن کر اُس پر تعّجُب کِیا اور پھِر کر اُس بھِیڑ سے جو اُس کے پِیچھے آتی تھی کہا مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ مَیں نے اَیسا اِیمان اِسرائیل میں بھی نہِیں پایا۔
لُوقا 7 : 10 (URV)
اور بھیجے ہُوئے لوگوں نے واپَس آ کر اُس نَوکر کو تندرُست پایا۔
لُوقا 7 : 11 (URV)
تھوڑے عرصہ کے بعد اَیسا ہُؤا کہ وہ نائِین نام ایک شہر کو گیا اور اُس کے شاگِرد اور بہُت سے لوگ اُس کے ہمراہ تھے۔
لُوقا 7 : 12 (URV)
جب وہ شہر کے پھاٹک کے نزدِیک پہُنچا تو دیکھو ایک مُردہ کو باہِر لِئے جاتے تھے۔ وہ اپنی ماں کا اِکلوتا بَیٹا تھا اور وہ بیوہ تھی اور شہر کے بہُتیرے لوگ اُس کے ساتھ تھے۔
لُوقا 7 : 13 (URV)
اُسے دیکھ کر خُداوند کو ترس آیا اور اُس سے کہا مَت رو۔
لُوقا 7 : 14 (URV)
پھِر اُس نے پاس آ کر جنازہ کو چھُؤا اور اُٹھانے والے کھڑے ہوگئے اور اُس نے کہا اَے جوان مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں اُٹھ۔
لُوقا 7 : 15 (URV)
وہ مُردہ اُٹھ بَیٹھا اور بولنے لگا اور اُس نے اُسے اُس کی ماں کو سَونپ دِیا۔
لُوقا 7 : 16 (URV)
اور سب پر دہشت چھاگئی اور خُدا کی تمجِید کر کے کہنے لگے کہ ایک بڑا نبی ہم میں برپا ہُؤا ہے اور خُدا نے اپنی اُمّت پر توجّہُ کی ہے۔
لُوقا 7 : 17 (URV)
اور اُس کی نِسبت یہ خَبر سارے یہُودیہ اور تمام گِردنواح میں پھَیل گئی۔
لُوقا 7 : 18 (URV)
اور یُوحنّا کو اُس کے شاگِردوں نے اِن سب باتوں کی خَبر دی۔
لُوقا 7 : 19 (URV)
اِس پر یُوحنّا نے اپنے شاگِردوں میں سے دو کو بُلا کر خُداوند کے پاس یہ پُوچھنے کو بھیجا کہ آنے والا تُو ہی ہے یا ہم دُوسرے کی راہ دیکھیں؟
لُوقا 7 : 20 (URV)
اُنہوں نے اُس کے پاس آ کر کہا یُوحنّا بپتِسمہ دینے والے نے ہمیں تیرے پاس یہ پُوچھنے کو بھیجا ہے کہ آنے والا تُو ہی ہے یا ہم دُوسرے کی راہ دیکھیں؟
لُوقا 7 : 21 (URV)
اُسی گھڑی اُس نے بہُتوں کو بِیمارِیوں اور آفتوں اور بُری رُوحوں سے نِجات بخشی اور بہُت سے اندھوں کو بِینائی عطا کی۔
لُوقا 7 : 22 (URV)
اُس نے جواب میں اُن سے کہا کہ جو کُچھ تُم نے دیکھا اور سُنا ہے جا کر یُوحنّا سے بیان کردو کہ اَندھے دیکھتے ہیں۔ لنگڑے چلتے پھِرتے ہیں۔ کوڑھی پاک صاف کِئے جاتے ہیں۔ بہرے سُنتے ہیں۔ مُردے زِندہ کِئے جاتے ہیں۔ غرِیبوں کو خُوشخَبری سُنائی جاتی ہے۔
لُوقا 7 : 23 (URV)
اور مُبارک ہے وہ جو میرے سبب سے ٹھوکر نہ کھائے۔
لُوقا 7 : 24 (URV)
جب یُوحنّا کے قاصِد چلے گئے تو یِسُوع یُوحنّا کے حق میں لوگوں سے کہنے لگا کہ تُم بِیابان میں کیا دیکھنے گئے تھے؟ کیا ہوا سے ہِلتے ہُوئے سرکنڈے کو؟
لُوقا 7 : 25 (URV)
تو پھِر کیا دیکھنے گئے تھے؟ کیا مہِین کپڑے پہنے ہُوئے شَخص کو؟ دیکھو جو چمکدار پوشاک پہنتے اور عَیش و عشرت میں رہتے ہیں وہ بادشاہی محلّوں میں ہوتے ہیں۔
لُوقا 7 : 26 (URV)
تو پھِر تُم کیا دیکھنے گئے تھے؟ کیا ایک نبی؟ ہاں مَیں تُم سے کہتا ہُوں بلکہ نبی سے بڑے کو۔
لُوقا 7 : 27 (URV)
یہ وُہی ہے جِس کی بابت لِکھا ہے کہ دیکھ مَیں اپنا پَیغمبر تیرے آگے بھیجتا ہُوں جو تیری راہ تیرے آگے تیّار کرے گا۔
لُوقا 7 : 28 (URV)
مَیں تُم سے کہتا ہُوں جو عَورتوں سے پَیدا ہُوئے ہیں اُن میں یُوحنّا بپتِسمہ دینے والے سے کوئی بڑا نہِیں لیکِن جو خُدا کی بادشاہی میں چھوٹا ہے وہ اُس سے بڑا ہے۔
لُوقا 7 : 29 (URV)
اور سب عام لوگوں نے جب سُنا تو اُنہوں نے اور محصُول لینے والوں نے بھی یُوحنّا کا بپتِسمہ لے کر خُدا کو راستباز مان لِیا۔
لُوقا 7 : 30 (URV)
مگر فرِیسِیوں اور شرع کے عالِموں نے اُس سے بپتِسمہ نہ لے کر خُدا کے اِرادہ کو اپنی نِسبت باطِل کر دِیا۔
لُوقا 7 : 31 (URV)
پَس اِس زمانہ کے آدمِیوں کو مَیں کِس سے تشبِیہ دُوں اور وہ کِس کی مانِند ہیں؟
لُوقا 7 : 32 (URV)
اُن لڑکوں کی مانِند ہیں جو بازار میں بَیٹھے ہُوئے ایک دُوسرے کو پُکار کر کہتے ہیں کہ ہم نے تُمہارے لِئے بانسلی بجائی اور تُم نہ ناچے۔ ہم نے ماتم کِیا اور تُم نہ روئے۔
لُوقا 7 : 33 (URV)
کِیُونکہ یُوحنّا بپتِسمہ دینے والا نہ تو روٹی کھاتا ہُؤا آیا نہ مَے پِیتا ہُؤا اور تُم کہتے ہو کہ اُس میں بَدرُوح ہے۔
لُوقا 7 : 34 (URV)
اِبنِ آدم کھاتا پِیتا آیا اور تُم کہتے ہو کہ دیکھو کھاوُ اور شرابی آدمِی محصُول لینے والوں اور گُنہگاروں کا یار۔
لُوقا 7 : 35 (URV)
لیکِن حِکمت اپنے سب لڑکوں کی طرف سے راست ثابِت ہُوئی۔
لُوقا 7 : 36 (URV)
پھِر کِسی فرِیسی نے اُس سے دَرخواست کی کہ میرے ساتھ کھانا کھا۔ پَس وہ اُس فرِیسی کے گھر جا کر کھانا کھانے بَیٹھا۔
لُوقا 7 : 37 (URV)
تو دیکھو ایک بدچلن عَورت جو اُس شہر کی تھی۔ یہ جان کر کہ وہ اُس فرِیسی کے گھر میں کھانا کھانے بَیٹھا ہے سنگِ مر مر کے عِطردان میں عِطر لائی۔
لُوقا 7 : 38 (URV)
اور اُس کے پاؤں کے پاس روتی ہُوئی پِیچھے کھڑی ہوکر اُس کے پاؤں آنسوؤں سے بھگونے لگی اور اپنے سر کے بالوں سے اُن کو پونچھا اور اُس کے پاؤں بہُت چُومے اور اُن پر عِطر ڈالا۔
لُوقا 7 : 39 (URV)
اُس کی دعوت کرنے والا فرِیسی یہ دیکھ کر اپنے جِی میں کہنے لگا کہ اگر یہ شَخص نبی ہوتا تو جانتا کہ جو اُسے چھُوتی ہے وہ کَون اور کَیسی عَورت ہے کِیُونکہ بدچلن ہے۔
لُوقا 7 : 40 (URV)
یِسُوع نے جواب میں اُس سے کہا اَے شمعُون مُجھے تُجھ سے کُچھ کہنا ہے۔ اُس نے کہا اَے اُستاد کہہ۔
لُوقا 7 : 41 (URV)
کِسی ساہُوکار کے دو قرضدار تھے۔ ایک پانسَو دِینار کا دُوسرا پچاس کا۔
لُوقا 7 : 42 (URV)
جب اُن کے پاس ادا کرنے کو کُچھ نہ رہا تو اُس نے دونوں کو بخش دِیا۔ پَس اُن میں سے کَون اُس سے زیادہ محبّت رکھّے گا؟
لُوقا 7 : 43 (URV)
شمعُون نے جواب میں اُس سے کہا میری دانِست میں وہ جِسے اُس نے زیادہ بخشا۔ اُس نے اُس سے کہا تُو نے ٹھِیک فیصلہ کِیا۔
لُوقا 7 : 44 (URV)
اور اُس عَورت کی طرف پھِر کر اُس نے شمعُون سے کہا کیا تُو اِس عَورت کو دیکھتا ہے؟ مَیں تیرے گھر میں آیا۔ تُونے میرے پاؤں دھونے کو پانی نہ دِیا مگر اِس نے میرے پاؤں آنسوؤں سے بھِگو دِئے اور اپنے بالوں سے پونچھے۔
لُوقا 7 : 45 (URV)
تُونے مُجھ کو بوسہ نہ دِیا مگر اِس نے جب سے مَیں آیا ہُوں میرے پاؤں چُومنا نہ چھوڑا۔
لُوقا 7 : 46 (URV)
تُونے میرے سر پر تیل نہ ڈالا مگر اِس نے میرے پاؤں پر عِطر ڈالا ہے۔
لُوقا 7 : 47 (URV)
اِسی لِئے مَیں تُجھ سے کہتا ہُوں کہ اِس کے گُناہ جو بہُت تھے مُعاف ہُوئے کِیُونکہ اِس نے بہُت محبّت کی مگر جِس کے تھوڑے گُناہ مُعاف ہُوئے وہ تھوڑی محبّت کرتا ہے۔
لُوقا 7 : 48 (URV)
اور اُس عَورت سے کہا تیرے گُناہ مُعاف ہُوئے۔
لُوقا 7 : 49 (URV)
اِس پر وہ جو اُس کے ساتھ کھانا کھانے بَیٹھے تھے اپنے جِی میں کہنے لگے کہ یہ کَون ہے جو گُناہ بھی مُعاف کرتا ہے؟
لُوقا 7 : 50 (URV)
مگر اُس نے عَورت سے کہا تیرے اِیمان نے تُجھے بَچا لِیا ہے۔ سَلامت چلی جا۔
❮
❯