متّی 4 : 1 (URV)
اُس وقت رُوح یِسُوع کو جنگل میں لے گیا تاکہ اِبلیس سے آزمایا جائے۔
متّی 4 : 2 (URV)
اور چالیس دِن اور چالیس رات فاقہ کر کے آخر کو اُسے بھُوک لگی۔
متّی 4 : 3 (URV)
اور آزمانے والے نے پاس آ کر اُس سے کہا اگر تُو خُدا کا بَیٹا ہے تو فرما کہ یہ پتھّر روٹِیاں بن جائیں۔
متّی 4 : 4 (URV)
اُس نے جواب میں کہا لِکھا ہے کہ آدمِی صِرف روٹی ہی سے جِیتا نہ رہے گا بلکہ ہر بات سے جو خُدا کے مُنہ سے نِکلتی ہے۔
متّی 4 : 5 (URV)
تب اِبلیس اُسے مُقدّس شہر میں لے گیا اور ہَیکل کے کنگرے پر کھڑا کر کے اُس سے کہا کہ
متّی 4 : 6 (URV)
اگر تُو خُدا کا بَیٹا ہے تو اپنے تئیِں نیچے گِرا دے کِیُونکہ لِکھا ہے وہ تیری بابت اپنے فرِشتوں کو حُکم دے گا اور وہ تُجھے ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے اَیسا نہ ہو کہ تیرے پاؤں کو پتھّر سے ٹھیس لگے۔
متّی 4 : 7 (URV)
یِسُوع نے اُس سے کہا یہ بھی لِکھا ہے کہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی آزماَیش نہ کر۔
متّی 4 : 8 (URV)
پھِر اِبلیس اُسے ایک بہُت اُنچے پہاڑ پر لے گیا اور دُنیا کی سب سلطنتیں اور اُن کی شان و شوکت اُسے دِکھائی۔
متّی 4 : 9 (URV)
اور اُس سے کہا اگر تُو جھُک کر مُجھے سِجدہ کرئے تو یہ سب کُچھ تُجھے دے دُوں گا۔
متّی 4 : 10 (URV)
یِسُوع نے اُس سے کہا اَے شَیطان دُور ہو کِیُونکہ لِکھا ہے کہ تُو خُداوند اپنے خُدا کو سِجدہ کر اور صِرف اُسی کی عبادت کر۔
متّی 4 : 11 (URV)
تب اِبلیس اُس کے پاس سے چلا گیا اور دیکھو فرِشتے آ کر اُس کی خِدمت کرنے لگے۔
متّی 4 : 12 (URV)
جب اُس نے سُنا کے یُوحنّا پکڑوا دِیا گیا تو گلیل کو روانہ ہُؤا۔
متّی 4 : 13 (URV)
اور ناصرۃ کو چھوڑ کر کفرِ نحُوم میں جا بسا۔ جو جھِیل کے کِنارے زبُولُون اور نفتالی کی سَرحَد پر ہے۔
متّی 4 : 14 (URV)
تاکہ جو یسعیاہ نبی کی معرفت کہا گیا تھا وہ پورا ہو کہ
متّی 4 : 15 (URV)
زبُولُون کا علاقہ اور نفتالی کا علاقہ دریا کی راہ یَردَن کے پار غَیر قَوموں کی گلیل۔
متّی 4 : 16 (URV)
یعنی جو لوگ اَندھیرے میں بَیٹھے تھے اُنہوں نے بڑی روشنی دیکھی اور جو مَوت کے مُلک اور سایہ میں بَیٹھے تھے اُن پر روشنی چمکی۔
متّی 4 : 17 (URV)
اُس وقت سے یِسُوع نے منادی کرنا اور یہ کہنا شُرُوع کیا کہ توبہ کرو کِیُونکہ آسمان کی بادشاہی نزدِیک آ گئی ہے۔
متّی 4 : 18 (URV)
اور اُس نے گلیل کی جھِیل کے کِنارے پھِرتے ہُوئے دو بھائِیوں یعنی شمعُون جو پطرس کہلاتا ہے اور اُس کے بھائِی اِندریاس کو جھِیل میں جال ڈالتے دیکھا کِیُونکہ وہ ماہی گِیر تھے۔
متّی 4 : 19 (URV)
اور اُن سے کہا میرے پِیچھے چلے آؤ تو میں تُم کو آدم گِیر بناؤں گا۔
متّی 4 : 20 (URV)
وہ فوراً جال چھوڑ کر اُس کے پِیچھے ہو لِئے۔
متّی 4 : 21 (URV)
اور وہاں سے آگے بڑھ کر اُس نے اور دو بھائِیوں یعنی زبدی کے بَیٹے یَعقُوب اور اُس کے بھائِی یُوحنّا کو دیکھا کہ اپنے باپ زبدی کے ساتھ کَشتی پر اپنے جالوں کی مُرَمَّت کر رہے ہیں اور اُن کو بُلایا۔
متّی 4 : 22 (URV)
وہ فوراً کَشتی اور اپنے باپ کو چھوڑ کر اُس کے پِیچھے ہو لِئے۔
متّی 4 : 23 (URV)
اور یِسُوع تمام گلیل میں پھِرتا رہا اور اُن کے عِبادت خانوں میں تعلِیم دیتا اور بادشاہی کی خُوشخَبری کی منادی کرتا اور لوگوں کی ہر طرح کی بیماری اور ہر طرح کی کمزوری کو دور کرتا رہا۔
متّی 4 : 24 (URV)
اور اُس کی شُہرت تمام سُوریہ میں پھیل گئی اور لوگ سب بِیماروں کو جو طرح طرح کی بیماریوں اور تکلِیفوں میں گِرفتار تھے اور اُن کو جِن میں بَدرُوحیں تھیں اور مِرگی والوں اور مفلُوجوں کو اُس کے پاس لائے اور اُس نے اُن کو اچھّا کِیا۔
متّی 4 : 25 (URV)
اور گلیل اور دِکپُلِس اور یروشلِیم اور یہُودیہ اور یَردَن کے پار بڑی بھِیڑ اُس کے پِیچھے ہولی۔
❮
❯