متّی 26 : 1 (URV)
اور جب یِسُوع یہ سب باتیں ختم کر چُکا تو اَیسا ہُؤا کہ اُس نے اپنے شاگِردوں سے کہا۔
متّی 26 : 2 (URV)
تُم جانتے ہوکہ دو دِن کے بعد عِیدِ فسح ہوگی اور اِبنِ آدم مصلُوب ہونے کو پکڑوایا جائے گا۔
متّی 26 : 3 (URV)
اُس وقت سَردار کاہِن اور قَوم کے بُزُرگ کائفا نام سَردار کاہِن کے دِیوان خانہ میں جمع ہُوئے۔
متّی 26 : 4 (URV)
اور مَشوَرَہ کِیا کہ یِسُوع کو فریب سے پکڑ کر قتل کریں۔
متّی 26 : 5 (URV)
مگر کہتے تھے کہ عِیدِ میں نہِیں۔ اَیسا نہ ہوکہ لوگوں میں بلوا ہو جائے۔
متّی 26 : 6 (URV)
اور جب یِسُوع بیت عنیاہ میں شمعُون کوڑھی کے گھر میں تھا۔
متّی 26 : 7 (URV)
تو ایک عَورت سنگِ مرمر کے عِطردان میں قِیمتی عِطر لے کر اُس کے پاس آئی اور جب وہ کھانا کھانے بَیٹھا تو اُس کے سر پر ڈالا۔
متّی 26 : 8 (URV)
شاگِرد یہ دیکھ کر خفا ہُوئے اور کہنے لگے کہ یہ کِس لِئے ضائع کِیا گیا؟
متّی 26 : 9 (URV)
یہ تو بڑے داموں کو بِک کر غرِیبوں کو دِیا جا سکتا تھا۔
متّی 26 : 10 (URV)
یِسُوع نے یہ جان کر اُن سے کہا کہ اِس عَورت کو کِیُوں دِق کرتے ہو؟ اِس نے تو میرے ساتھ بھلائی کی ہے۔
متّی 26 : 11 (URV)
کِیُونکہ غرِیب غُربا تو ہمیشہ تُمہارے پاس ہیں لیکِن میں تُمہارے پاس ہمیشہ نہ رہُوں گا۔
متّی 26 : 12 (URV)
اور اِس نے جو یہ عِطر میرے بَدَن پر ڈالا یہ میرے دفن کی تیّاری کے واسطے کِیا۔
متّی 26 : 13 (URV)
مَیں تُم سے سَچ کہتا ہُوں کے تمام دُنیا میں جہاں کہِیں اِس خُوشخَبری کی منادی کی جائے گی یہ بھی جو اِس نے کِیا اِس کی یادگاری میں کہا جائے گا۔
متّی 26 : 14 (URV)
اُس وقت اُن بارہ میں سے ایک نے جِس کا نام یہُوداہ اِسکریوتی تھا سَردار کاہِنوں کے پاس جا کر کہا کہ۔
متّی 26 : 15 (URV)
اگر میں اُسے تُمہارے حوالہ کرا دُوں تو مُجھے کیا دو گے؟ اُنہوں نے اُسے تِیس رُوپے تول کر دیدِئے۔
متّی 26 : 16 (URV)
اور وہ اُس وقت سے اُس کے پکڑوانے کو موقع ڈھُونڈنے لگا۔
متّی 26 : 17 (URV)
اور عِیدِ فِیطر کے پہلے دِن شاگِردوں نے یِسُوع کے پاس آ کر کہا تُو کہاں چاہتا ہے کہ ہم تیرے لِئے فسح کھانے کی تیّار کریں؟
متّی 26 : 18 (URV)
اُس نے کہا شہر میں فلاں شَخص کے پاس جا کر اُس سے کہنا اُستاد فرماتا ہے کہ میرا وقت نزدِیک ہے۔ میں اپنے شاگِردوں کے ساتھ تیرے ہاں عِیدِ فسح کرُوں گا۔
متّی 26 : 19 (URV)
اور جَیسا یِسُوع نے شاگِردوں کو حُکم دِیا تھا اُنہوں نے ویسا ہی کِیا اور فسح تیّار کِیا۔
متّی 26 : 20 (URV)
جب شام ہُوئی تو وہ بارہ شاگِردوں کے ساتھ کھانا کھانے بَیٹھا تھا۔
متّی 26 : 21 (URV)
اور جب وہ کھا رہے تھے تو اُس نے کہا مَیں تُم سے سَچ کہتا ہُوں کہ تُم میں سے ایک مُجھے پکڑوائے گا۔
متّی 26 : 22 (URV)
وہ بہُت ہی دِلگِیر ہُوئے اور ہر ایک اُس سے کہنے لگا اَے خُداوند کیا مَیں ہُوں؟
متّی 26 : 23 (URV)
اُس نے جواب میں کہا جِس نے میرے ساتھ طباق میں ہاتھ ڈالا ہے وُہی مُجھے پکڑوائے گا۔
متّی 26 : 24 (URV)
اِبنِ آدم تو جَیسا اُس کے حق میں لِکھا ہے جاتا ہی ہے لیکِن اُس آدمِی پر افسوس جِس کے وسِیلہ سے اِبنِ آدم پکڑوایا جاتا ہے! اگر وہ آدمِی پَیدا نہ ہوتا تو اُس کے لِئے اچھّا ہوتا۔
متّی 26 : 25 (URV)
اُس کے پکڑوانے والے یہُوداہ نے جواب میں کہا اَے ربّی کیا مَیں ہُوں؟ اُس نے اُس سے کہا تُو نے خُود کہہ دِیا۔
متّی 26 : 26 (URV)
جب وہ کھا رہے تھے تو یِسُوع نے روٹی لی اور بَرکَت دے کر توڑی اور شاگِردوں کو دے کر کہا لو کھاؤ۔ یہ میرا بَدَن ہے۔
متّی 26 : 27 (URV)
پھِر پیالہ لے کر شُکر کِیا اور اُن کو دے کر کہا تُم سب اِس میں سے پِیو۔
متّی 26 : 28 (URV)
کِیُونکہ یہ میرا وہ عہد کا خُون ہے جو بہُتیروں کے لِئے گُناہوں کی مُعافی کے واسطے بہایا جاتا ہے۔
متّی 26 : 29 (URV)
مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ انگُور کا یہ شِیرہ پھِر کبھی نہ پِیُوں گا۔ اُس دِن تک کہ تُمہارے ساتھ اپنے باپ کی بادشاہی میں نیا نہ پِیُوں۔
متّی 26 : 30 (URV)
پھِر وہ گیت گا کر باہِر زیتُون کے پہاڑ پر گئے۔
متّی 26 : 31 (URV)
اُس وقت یِسُوع نے اُن سے کہا تُم سب اِسی رات میری بابت ٹھوکر کھاؤ گے کِیُونکہ لِکھا ہے کہ مَیں چرواہے کو مارُونگا اور گلّہ کی بھیڑیں پراگندہ ہو جائیں گی۔
متّی 26 : 32 (URV)
لیکِن میں اپنے جی اُٹھنے کے بعد تُم سے پہلے گلِیل کو جاؤنگا۔
متّی 26 : 33 (URV)
پطرس نے جواب میں اُس سے کہا گو سب تیری بابت ٹھوکر کھائیں لیکِن مَیں کبھی ٹھوکر نہ کھاؤں گا۔
متّی 26 : 34 (URV)
یِسُوع نے اُس سے کہا مَیں تُجھ سے سَچ کہتا ہُوں کہ اِسی رات مُرغ کے بانگ دینے سے پہلے تُو تِین بار میرا اِنکار کرے گا۔
متّی 26 : 35 (URV)
پطرس نے اُس سے کہا اگر تیرے ساتھ مُجھے مرنا بھی پڑے تو بھی تیرا اِنکار ہرگِز نہ کرُوں گا اور سب شاگِردوں نے بھی اِسی طرح کہا۔
متّی 26 : 36 (URV)
اُس وقت یِسُوع اُن کے ساتھ گتسِمنی نام ایک جگہ میں آیا اور اپنے شاگِردوں سے کہا یہِیں بَیٹھے رہنا جب تک کہ مَیں وہاں جا کر دُعا کرُوں۔
متّی 26 : 37 (URV)
اور پطرس اور زبدی کے دونوں بَیٹوں کو ساتھ لے کر غمگِین اور بے قرار ہونے لگا۔
متّی 26 : 38 (URV)
اُس وقت اُس نے اُن سے کہا میری جان نِہایت غمگِین ہے۔ یہاں تک کہ مرنے کی نوبت پہُنچ گئی ہے۔ تُم یہاں ٹھہرو اور میرے ساتھ جاگتے رہو۔
متّی 26 : 39 (URV)
پھِر ذرا آگے بڑھا اور مُنہ کے بل گِر کر یُوں دُعا کی کہ اَے میرے باپ! اگر ہوسکے تو یہ پیالہ مُجھ سے ٹل جائے۔ تو بھی نہ جَیسا میں چاہتا ہُوں بلکہ جَیسا تُو چاہتا ہے ویسا ہی ہو۔
متّی 26 : 40 (URV)
پھِر شاگِردوں کے پاس آ کر اُن کو سوتے پایا اور پطرس سے کہا کیا تُم میرے ساتھ ایک گھڑی بھی نہ جاگ سکے؟
متّی 26 : 41 (URV)
جاگو اور دُعا کرو تاکہ آزمایش میں نہ پڑو۔ رُوح تو مُستعِد ہے مگر جِسم کمزور ہے۔
متّی 26 : 42 (URV)
پھِر دوبارہ اُس نے جا کر یُوں دُعا کی کہ اَے میرے باپ! اگر یہ میرے پِئے بغَیر نہِیں ٹل سکتا تو تیری مرضی پُوری ہو۔
متّی 26 : 43 (URV)
اور آ کر اُنہِیں پھِر سوتے پایا کِیُونکہ اُن کی آنکھیں نِیند سے بھریں تھِیں۔
متّی 26 : 44 (URV)
اور اُن کو چھوڑ کر پھِر چلا گیا اور پھِر وُہی بات کہہ کر تِیسری بار دُعا کی۔
متّی 26 : 45 (URV)
تب شاگِردوں کے پاس آ کر اُن سے کہا اَب سوتے رہو اور آرام کرو۔ دیکھو وقت آ پُہنچا اور اِبنِ آدم گُنہگاروں کے حوالہ کِیا جاتا ہے۔
متّی 26 : 46 (URV)
اُٹھو چلیں۔ دیکھو میرا پکڑوانے والا نزدِیک آ پُہنچا ہے۔
متّی 26 : 47 (URV)
وہ یہ کہہ ہی رہا تھا کہ یہُوداہ جو اُن بارہ میں سے ایک تھا آیا اور اُس کے ساتھ ایک بڑی بھِیڑ تلواریں اور لاٹھِیاں لِئے سَردار کاہِنوں اور قَوم کے بُزُرگوں کی طرف سے آ پُہنچی۔
متّی 26 : 48 (URV)
اور اُس کے پکڑوانے والے نے اُن کو یہ نِشان دِیا تھا کہ جِس کا میں بوسہ لُوں وُہی ہے۔ اُسے پکڑ لینا۔
متّی 26 : 49 (URV)
اور فوراً اُس نے یِسُوع کے پاس آ کر کہا اَے ربّی سَلام! اور اُس کے بوسے لِئے۔
متّی 26 : 50 (URV)
یِسُوع نے اُس سے کہا مِیاں! جِس کام کو آیا ہے وہ کرلے۔ اِس پر اُنہوں نے پاس آ کر یِسُوع پر ہاتھ ڈالا اور اُسے پکڑ لِیا۔
متّی 26 : 51 (URV)
اور دیکھو یِسُوع کے ساتھیوں میں سے ایک نے ہاتھ بڑھا کر اپنی تلوار کھینچی اور سَردار کاہِن کے نَوکر پر چلا کر اُس کا کان اُڑا دِیا۔
متّی 26 : 52 (URV)
یِسُوع نے اُس سے کہا اپنی تلوار کو میان میں کرلے کِیُونکہ جو تلوار کھینچتے ہیں وہ سب تلوار سے ہلاک کِئے جائیں گے۔
متّی 26 : 53 (URV)
کیا تُو نہِیں سَمَجھتا کہ مَیں اپنے باپ سے مِنّت کر سکتا ہُوں اور وہ فرِشتوں کے بارہ تُمن سے زیادہ میرے پاس ابھی موجُود کردے گا؟
متّی 26 : 54 (URV)
مگر وہ نوِشتے کہ یِونہی ہونا ضرُور ہے کیونکر پُورے ہوں گے؟
متّی 26 : 55 (URV)
اُسی وقت یِسُوع نے بھِیڑ سے کہا کیا تُم تلواریں اور لاٹھِیاں لے کر مُجھے ڈاکُو کی طرح پکڑنے نِکلے ہو؟ میں ہر روز ہَیکل میں بَیٹھ کر تعلِیم دیتا تھا اور تُم نے مُجھے نہِیں پکڑا۔
متّی 26 : 56 (URV)
مگر یہ سب کُچھ اِس لِئے ہُؤا ہے کہ نبِیوں کے نوِشتے پُورے ہوں اِس پر سب شاگِرد اُسے چھوڑ کر بھاگ گئے۔
متّی 26 : 57 (URV)
اور یِسُوع کے پکڑنے والے اُس کو کائفا نام سَردار کاہِن کے پاس لے گئے جہاں فقِیہ اور بُزُرگ جمع ہوگئے تھے۔
متّی 26 : 58 (URV)
اور پطرس دُور دُور اُس کے پِیچھے پِیچھے سَردار کاہِن کے دِیوان خانہ تک گیا اور اَندر جا کر پیادوں کے ساتھ نتِیجہ دیکھنے کو بَیٹھ گیا۔
متّی 26 : 59 (URV)
اور سَردار کاہِن اور سب صدرِ عدالت والے یِسُوع کو مار ڈالنے کے لِئے اُس کے خِلاف جھُوٹی گواہی ڈھُونڈنے لگے۔
متّی 26 : 60 (URV)
مگر نہ پائی گو بہُت سے جھُوٹے گواہ آئے۔ لیکِن آخِرکار دو گواہوں نے آ کر کہا کہ
متّی 26 : 61 (URV)
اِس نے کہا ہے میں خُدا کے مَقدِس کو ڈھا سکتا اور تین دِن میں اُسے بنا سکتا ہُوں۔
متّی 26 : 62 (URV)
اور سَردار کاہِن نے کھڑے ہوکر اُس سے کہا تُو جواب کِیُوں نہِیں دیتا؟ یہ تیرے خِلاف کیا گواہی دیتے ہیں؟
متّی 26 : 63 (URV)
مگر یِسُوع خاموش ہی رہا۔ سَردار کاہِن نے اُس سے کہا میں تُجھے زِندہ خُدا کی قَسم دیتا ہُوں کہ اگر تُو خُدا کا بَیٹا مسِیح ہے تو ہم سے کہہ دے۔
متّی 26 : 64 (URV)
یِسُوع نے اُس سے کہا تُونے خُود کہہ دِیا بلکہ مَیں تُم سے کہتا ہُوں کہ اِس کے بعد تُم اِبنِ آدم کو قادِرِ مُطلَق کی دہنی طرف بَیٹھے اور آسمان کے بادلوں پر آتے دیکھو گے۔
متّی 26 : 65 (URV)
اِس پر سَردار کاہِن نے یہ کہہ کر اپنے کپڑے پھاڑے کہ اُس نے کُفر بکا ہے۔ اَب ہم کو گواہوں کی کیا حاجت رہی؟ دیکھو تُم نے ابھی یہ کُفر سُنا۔ تُمہاری کیا رائے ہے؟
متّی 26 : 66 (URV)
اُنہوں نے جواب میں کہا وہ قتل کے لائِق ہے۔
متّی 26 : 67 (URV)
اِس پر اُنہوں نے اُس کے مُنہ پر تھُوکا اور اُس کے مُکّے مارے اور بعض نے طمانچے مار کر کہا۔
متّی 26 : 68 (URV)
اَے مسِیح ہمیں نبُوّت سے بتا کہ تُجھے کِس نے مارا؟
متّی 26 : 69 (URV)
اور پطرس باہِر صحن میں بَیٹھا تھا کہ ایک لونڈی نے اُس کے پاس آ کر کہا تُو بھی یِسُوع گلِیلی کے ساتھ تھا۔
متّی 26 : 70 (URV)
اُس نے سب کے سامنے یہ کہہ کر اِنکار کِیا کہ مَیں نہِیں جانتا تُو کیا کہتی ہے۔
متّی 26 : 71 (URV)
اور جب وہ ڈیوڑھی میں چلا گیا تو دُوسری نے اُسے دیکھا اور جو وہاں تھے اُن سے کہا یہ بھی یِسُوع ناصری کے ساتھ تھا۔
متّی 26 : 72 (URV)
اُس نے قَسم کھا کر پھِر اِنکار کِیا کہ مَیں اِس آدمِی کو نہِیں جانتا۔
متّی 26 : 73 (URV)
تھوڑی دیر کے بعد جو وہاں کھڑے تھے اُنہوں نے پطرس کے پاس آ کر کہا بیشک تُوبھی اُن میں سے ہے کِیُونکہ تیری بولی سے بھی ظاہِر ہوتا ہے۔
متّی 26 : 74 (URV)
اِس پر وہ لعنت کرنے اور قَسم کھانے لگا کہ مَیں اِس آدمِی کو نہِیں جانتا اور فِی الفَور مُرغ نے بانگ دی۔
متّی 26 : 75 (URV)
*پطرس کو یِسُوع کی وہ بات یاد آئی جو اُس نے کہی تھی کہ مُرغ کے بانگ دینے سے پہلے تُو تِین بار میرا اِنکار کرے گا اور وہ باہِر جا کر زار زار رویا۔
❮
❯