Urdu بائبل
نَوحہ کل 5 ابواب
نَوحہ باب 5
1 اَے خداوند جو کچھ ہم پر گذرا اُسے یادکر ! نظر کر اور ہماری رُسوائی کو دیکھ۔
2 ہماری میراث اجنبیوں کے حوالہ کی گئی ۔ہمارے گھر بیگانوں نے لے لئے ۔
3 ہم یتیم ہیں۔ہمارے باپ نہیں ۔ہماری مائیں بیواؤں کی مانند ہیں۔
4 ہم نے اپنا پانی مول لیکر پیا ۔اپنی لکڑی بھی ہم نے دام دیکر لی ۔
5 ہمکو رگیدنے والے ہمارے سر پر ہیں۔ہم تھکے ہارے اور بے آرام ہیں۔
نَوحہ باب 5
6 ہم نے مصریوں اور اسوریوں کی اِطاعت قبول کی تاکہ روٹی سے سیرو آسودہ ہوں۔
7 ہمارے باپ دادا گُناہ کرکے چل بسے ۔اور اُنکی بد کرداری کی سزا پا رہے ہیں۔
8 غلام ہم پر حکمرانی کرتے ہیں۔اُنکے ہاتھ سے چھڑانے والا کوئی نہیں۔
9 صحرا نشینوں کی تلوار کے باعث ہم جان پر کھیل کر روٹی حاصل کرتے ہیں۔
10 قحط کی جھُلسانے والی آگ کے باعث ۔ ہمارا چمڑا تنور کی مانند سیاہ ہوگیا ہے ۔
نَوحہ باب 5
11 اُنہوں نے صیون میں عورتوں کو بے حرمت کیا اور یہوداہ کے شہروں میں کنواری لڑکیوں کو ۔
12 اُمرا کو اُنکے ہاتھوں سے لٹکا دیا بزرگوں کی روداری نہ کی گئی
13 جوانوں نے چکی پیسی ۔ اور بچوں نے گرتے پڑتے لکڑیاں ڈھوئیں۔
14 بُزرگ پھاٹکوں پر دِکھائی نہیں دیتے ۔ جوانوں کی نغمہ پر دازی سنائی نہیں دیتی ۔
15 ہمارے دِلوں سے خوشی جاتی رہی ۔ ہمارا رقص ماتم سے بدل گیا ۔
نَوحہ باب 5
16 تاج ہمارے سر پر سے گر پڑا ۔ ہم پر افسوس ! کہ ہم نے گناہ کیا۔
17 اِسی لئے ہمارے دِل بیتاب ہیں۔اِن ہی باتوں کے باعث ہماری آنکھیں دُھندلاگئیں ۔
18 کوہ صیون کی ویرانی کے باعث اُس پر گیدڑ پھرتے ہیں
19 پر تو اَے خداوند ابد تک قائم ہے اور تیرا تخت پُشت درپُشت ۔
20 پھر تو کیوں ہمکو ہمیشہ کے لئے فراموش کرتا ہے۔اور ہمکو مدت دراز تک ترک کرتا ہے؟
نَوحہ باب 5
21 اَے خداوند ہمکو اپنی طرف پھرا تو ہم پھر ینگے ۔ہمارے دِن بدل دے جیسے قدیم سے تھے ۔
22 کیا تو نے ہم کو بالکل رد کر دیا ہے ؟کیا تو ہم سے سخت ناراض ہے؟